ایمان کے تکمیلی عناصر اور خاص شرائط و لوازم
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ “مسلم وہ ہے جس کی زبان درازیوں اور دست دارزیوں سے مسلمان محفوظ رہیں ، اور مومن وہ ہے جس کی طرف سے اپنی جانوں اور مالوں کے بارے میں لوگوں کو کوئی خوف و خطرہ نہ ہو ”۔ (ترمذی ، نسائی)
تشریح
اس حدیث میں صرف زبان اور ہاتھ سے ایذا رسانی کا ذکر اس لیے فرمایا گیا ہے کہ بیشتر ایذاؤں کا تعلق ان ہی دو سے ہوتا ہے ، ورنہ مقصد اور مطلب صرف یہ ہے کہ مسلمان کی شان یہ ہے کہ لوگوں کو اس سے کسی قسم کی تکلیف نہ پہنچے ۔
ابن حبان کی اسی حدیث کی روایت میں “مَنْ سَلِمَ الْمُسْلِمُوْنَ” کے بجائے “مَنْ سَلِمَ النَّاسُ مِنْ لِسَانِهِ وَيَدِهِ” وارد ہوا ہے ، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ ایک مسلمان کو تمام بنی نوع انسان کے لیے پُرامن اور بے آزار ہونا چاہئے ۔
لیکن واضح رہے کہ اس حدیث میں جس ایذا رسانی کو منافی اسلام بتلایا گیا ہے ، وہ وہ ہے جو بغیر کسی صحیح وجہ اور معقول سبب کے ہو ، ورنہ بشرطِ قدرت مجرموں کو سزا دینا ، اور ظالموں کی زیادتیوں اور مفسدوں کی فساد انگیزیوں کو بزور دفع کرنا تو مسلمانوں کا فرضِ منصبی ہے ، اگر ایسا نہ کیا جائے ، تو دنیا امن و راحت سے محروم ہو جائے ۔