ایمان لانے کے بعد جان و مال معصوم و محفوظ ہو جاتے ہیں
حضرت عبداللہ بن عمرؓ سے روایت ہے ، کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا : “مجھے حکم ہے کہ میں لوگوں سے جنگ جاری رکھوں اس وقت تک کہ وہ اس بات کی شہادت ادا کریں (یعنی اس کا اقرار و اعلان کریں) کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں ، اور محمد اللہ کے پیغمبر ہیں ، اور نماز قائم کرنے لگیں ، اور زکوٰۃ ادا کرنے لگیں ، پس جب وہ یہ سب کچھ کرنے لگیں تو انہوں نے اپنے جان و مال کو مجھ سے محفوظ کر لیا سوائے حق اسلام کے ، اور ان کا حساب اللہ کے سپرد ہے ”۔ (بخاری و مسلم)
تشریح
اس حدیث میں توحید و رسالت کی شہادت کے علاوہ نماز قائم کرنے ، اور زکوٰۃ ادا کرنے کا بھی ذکر ہے ۔۔۔ اور درحقیقت ان دو رکنوں کا ذکر بھی صرف تمثیل اور نشانی کے طور پر کیا گیا ہے ، ورنہ یہاں بھی مُراد یہی ہے کہ اللہ کے دین پر ایمان لے آئیں ، اور دعوتِ اسلام کو قبول کر لیں ، جس کو حضرت ابو ہریرہؓ کی مندرجہ بالا حدیث میں “وَيُؤْمِنُوْا بِىْ وَبِمَا جِئْتُ بِهِ” (اور مجھ پر ایمان لائیں ، اور جو ہدایت میں لایا ہوں اس پر ایمان لائیں) کے مختصر ، مگر جامع الفاظ میں ادا کیا گیا ہے ۔