معارف الحدیث - کتاب الایمان - حدیث نمبر 16
عَنْ عُثْمَانَ بْنِ عَفَّان ، قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «مَنْ مَاتَ وَهُوَ يَعْلَمُ أَنَّهُ لَا إِلَهَ إِلَّا اللهُ، دَخَلَ الْجَنَّةَ» (رواه مسلم)
سچا ایمان و اسلام نجات کی ضمانت ہے
حضرت عثمان بن عفانؓ سے مروی ہے، کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: "جو شخص اس حال میں مرا، کہ وہ یقین کے ساتھ جانتا تھا، کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں ہے، تو وہ جنت میں جائے گا "۔

تشریح
اس حدیث میں بھی "لَا إِلَهَ إِلَّا اللهُ" پر یقین ہونے سے مراد وہی دینِ توحید پر ایمان رکھنا ہے، اور دخولِ جنت کے وعدہ کا مطلب بھی وہی ہے، جو اوپر مذکور ہوا، کہ اپنے پورے اعمالنامہ کے تقاضے کے مطابق اللہ کی رحمت سے ابتداء ہی میں، یا گناہوں کی کچھ سزا بھگت کر ہر صاحبِ ایمان جنت میں ضرور جائے گا۔
Top