اذان و اقامت کہنے کا مسنون طریقہ
اذان دینے والا آدمی دونوں حدثوں سے پاک ہو کر مسجد سے علیحدہ کسی اونچی جگہ قبلہ رخ کھڑا ہو جائے اور اپنے دونوں کانوں کے سوراخوں کو شہادت کی دونوں انگلیوں سے بند کر کے اپنی طاقت کے مطابق بلند آواز سے اذان دے، لیکن اس قدر نہیں کہ جس سے اس کو تکلیف ہو پہلی آواز میں دو دفعہ اَللّٰہُ اَکبَر کہے پھر دوسری آواز میں دو دفعہ اَللّٰہُ اَکبَر کہے یعنی دو آوازوں میں چار مرتبہ اَللّٰہُ اَکبَر کہے پھر اَشھَدُ اَن لّٰا اِ لٰہ اِلَّا اللّٰہُ دو مرتبہ دو آوازوں میں ، پھر اَشھَدُ اَنَّ مُحَمَّدً ا رَّسُولُ اللّٰہ دو مرتبہ دو آوازوں میں کہے ، پھر حَیَّ عَلَی الصَّلٰوةِ ط دو مرتبہ دو آوازوں میں کہے اور ہر مرتبہ داہنی طرف منھ پھیرے، پھر حَیَّ عَلَی الفَلَاح ط دو مرتبہ دو آوازوں میں کہے اور ہر مرتبہ بائیں طرف منھ پھیرے، دائیں یا بائیں جانب منھ پھیرنے میں سینہ اور قدم قبلہ سے نہ پھرنے پائیں ، اَللّٰہُ اَکبَر دو مرتبہ ایک آواز میں کہے ، لا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ ایک مرتبہ کہے ، فجر کی اذان میں حَیَّ عَلَی الفَلَاحِ کے بعد الصلوةُ خَیرُ مَّنَ اَّلنومِ دو مرتبہ کہے اور اس میں منھ نہ پھیرے اقامت کا سنت طریقہ بھی وہی ہے جو اذان کا ہے لیکن چند باتوں میں فرق ہے 1.اذان مسجد کے باہر بلند جگہ پر کہی جاتی ہے اور اقامت مسجد کے اندر عام سطح زمین پر، اگرچہ اونچی جگہ پر بھی جائز ہے 2.اذان بلند آواز سے کہی جاتی ہے اور اقامت پست آواز سے 3.اذان ٹھہر ٹھہر کر کہی جاتی ہے اور اقامت جلدی جلدی 4.اقامت میں حَیَّ عَلَی الفَلَاح کے بعد قد قامت الصلوة دو مرتبہ زائد ہے اور فجر کی اذان میں جو الصلوة خیر من النوم کہا جاتا ہے وہ اقامت میں نہیں کہا جاتا 5.اقامت کہتے وقت کانوں کے سوراخ بند نہیں کئے جاتے 6. اقامت میں حَیَّ عَلَی الصَّلٰوۃ اور حَیَّ عَلَی الفَلَاح کہتے وقت دائیں بائیں جانب منھ نہیں پھیرا جاتا اگرچہ بعض کے نزدیک یہ بھی اذان کی طرح مستحب ہے
Top