نماز جمعہ واجب ہونے کی شرطیں
جمعہ کی نماز فرض عین ہے اور اس کی فرضیت کی تاکید ظہر کی نماز سے زیادہ ہے جمعہ کے دن نماز جمعہ نماز ظہر کے قائم مقام کر دی گئی ہے اس لئے نماز جمعہ ادا کرنے سے ظہر اس کے ذمہ سے ساکت ہو جاتی ہے نماز جمعہ واجب ہونے کی شرطیں نماز واجب ہونے کی شرطوں کے علاوہ نماز جمعہ واجب ہونے کی کچھ اور بھی شرطیں ہیں جب تک یہ سب شرطیں نمازی میں نہ پائی جائیں اس وقت تک اس پر نماز جمعہ فرض نہیں ہوتی لیکن اگر ایسا شخص نماز جمعہ پڑھ لے تو اس کی نمازِ جمعہ ادا ہو جائے گی اور ظہر کا فرض اس کے ذمہ سے اتر جائے گا مثلاً کوئی مسافر یا کوئی عورت نماز جمعہ پڑھے تو نمازِ ظہر اس کے ذمہ سے اتر جائے گی بلکہ مسافر مرد و مکلّف کے لئے نماز جمعہ پڑھنا افضل ہے البتہ عورت کے لئے اپنی گھر میں نماز ظہر پڑھنا افضل ہے وہ شرطیں یہ ہیں 1.آزاد ہونا پس غلام پر جمعہ فرض نہیں ہے البتہ مکاتب غلام پر یا جس غلام کا کچھ حصہ آزاد ہو یا باقی کے لئے کما کر مالک کو دیتا ہو اس پر جمعہ فرض ہے 2.مرد ہونا، عورت اور خنثیٰ مشکل پر جمعہ فرض نہیں ہے 3.شہر میں مقیم ہونا، مسافر پر جمعہ فرض نہیں ہے 4.تندرست ہونا مریض پر جمعہ فرض نہیں ہے ، جو مرض جامع مسجد تک پیدل جانے سے مانع ہو اس کا اعتبار ہے بڑھاپے کی کمزوری کی وجہ سے مسجد تک نہ جا سکے تو یہ مریض کے حکم میں ہے 5.چلنے پر قادر ہونا، اپاہج پر جمعہ فرض نہیں ہے 6. بینا یعنی آنکھوں والا یا ایک آنکھ والا ہونا، جو نابینا خود مسجدِ جمعہ تک بلا تکلف نہ جا سکتا ہو اس پر جمعہ فرض نہیں ہے بعض نابینا بلا تکلف اور بلا مدد بازاروں اور محلوں وغیرہ میں چلتے پھرتے ہیں اور جامع مسجد میں بلا تکلف جا سکتے ہیں ان پر جمعہ فرض ہے 7.جماعت ترک کرنے کے جو عذرات بیان ہو چکے ہیں ان میں سے کوئی عذر موجود نہ ہونا، اگر ان عذروں سے کوئی عذر پایا جائے تو نماز جمعہ فرض نہیں ہو گی
Top